اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر بہیمانہ جبر بند کرے اور انسانی حقوق کے حوالہ سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کرے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق
ناقابل تنسیخ اور جائز حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں سے یکجہتی میں غیر متزلزل رہے گا اور یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی، وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، مظفرآباد میں یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کوہالہ پل پر ہوئی جس میں طلبہ و طالبات، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے وزراء نے خصوصی شرکت کی۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، اسلام آباد، مظفرآباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔پاکستانی قوم 31 برسوں سے یوم کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ شہرِ قائد میں عوام کی بڑی تعداد نے اس موقع پر کشمیری بھائیوں کو یاد رکھا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ کسی نے اپنی نیک تمناوُں کا اظہار کیا تو کسی نے بھارتی مظالم کو بزدلی قرار دیا، شہرقائد کے باسی کہتے ہیں بھارت کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا، اسے آج یا کل کشمیر سے خوار ہو کرنکلنا پڑے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب جنت سا کشمیر پاکستان بن کر سرخرو ہو گا۔