ابوظبی(نیوز ڈیسک) ابوظبی نے امارات واپسی کے خواہش مند پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ویزہ ہولڈرز کو شاندار خبر سُنا دی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق جو ویزہ ہولڈرز امارات واپس آنا چاہتے ہیں، اور ان کا ویزہ کارآمد ہے،اگر وہ ابوظبی ایئرپورٹ پر اُتریں گے تو ان سے فیدڑل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کاخصوصی انٹری پرمٹ طلب نہیں کیا جائے ۔تمام ویزہ ہولڈرز کواس انٹری پرمٹ کے بغیر ہی مملکت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ اماراتی ویزہ ہولڈرز کے لیے یہ رعایت کل 11 اگست سے دستیاب ہو گی۔ تاہم یہ رعایت دُبئی کے ویزہ ہولڈرز کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
اس کے علاوہ باقی اماراتی ریاستوں ابوظبی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، اُم القوین اور فجیرہ کے ویزہ ہولڈرز اس سہولت سے فائدہ اُٹھانے کے مجاز ہوں گے۔ابوظبی ایئرپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رعایت کے حوالے سے باقاعدہ اعلان آج کر دیا جائے گا۔ گلف نیوز نے اس معاملے میں ابوظبی میں پی آئی اے کے ریجنل مینجر مظہر عباس سے بھی رابطہ کیا ، تو ان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس کے مطابق دیگر ممالک سے ابوظبی کا سفر کرنے والے اماراتی ویزہ ہولڈرز کو مملکت میں داخلے کے لیے ICA کے ٹریول پرمٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔مظہر عباس کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ان اماراتی ویزہ ہولڈرز کو بڑا ریلیف ملے گا جو امارات میں داخلے کے لیے اجازت نامے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ابوظبی کی جانب سے یہ شاندار رعایت دیئے جانے کے بعد پاکستان سے امارات کے لیے پروازوں کی گنتی میں اضافہ ہونے کابھرپور امکان ہے۔ یہاں یہ بتاتے چلیں کہ 10 اگست تک امارات واپس آنے والے ویزہ ہولڈرز کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی تھا۔جن پر سے اب یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے، البتہ دُبئی کے ویزہ ہولڈرز کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) سے اجازت نامہ لینے کی پابندی قائم رہے گی۔ متحدہ عرب امارات کے تمام ایئرپورٹس بشمول ابوظبی ایئرپورٹ پر اُترنے والے تمام مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کے نیگیٹو رزلٹ کی رپورٹ ہونا بھی لازمی ہے۔