واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر آئندہ کے منتخب صدر جوبائیڈن کو وی وی آئی پی سکیورٹی دے دی گئی، سیکرٹ سروس نے جوبائیڈن کی حفاظت کیلئے مزید اہلکار ولمنگٹن بھیج دیئے گئے جبکہ جوبائیڈن کی رہائشگاہ پر فضائی حدود کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکا کی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک کے نامزد صدارتی امیدوار کی جیت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔جس کے باعث ان کو موجودہ صدر کے برابر سکیورٹی دے دی گئی ہے۔ جوبائیڈن ولمنگٹن کونشن سنٹر کا مزید استعمال جاری رکھیں گے۔
جبکہ الیکشن کے حتمی نتائج کے فوری بعد وہ کسی بھی وقت جیت کا خطاب کرسکتے ہیں۔ آئندہ ممکنہ صدر کے پیش نظر سیکرٹ سروس نے ان کی سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔جوبائیڈن کو وی وی آئی پی پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ولمنگٹن کی فضائی حدود کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ واضح رہے 3 نومبر سے جاری امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ تاحال جاری ہے،4 ریاستوں ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں۔ جبکہ جوبائیڈن نے پینسلوینیا میں برتری حاصل کرلی ہے۔اسی طرح بائیڈن کو ایریزونا، جارجیا، نیواڈا میں بھی برتری حاصل ہے جبکہ صرف الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔الیکٹورل ووٹوں کو دیکھا جائے تو جوبائیڈن کو ابھی تک 270 ووٹوں میں سے 267مل چکے ہیں۔ جبکہ سخت مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صرف 214 الیکٹورل ووٹ ہیں۔ لہذا ممکنہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن آئندہ کے امریکی صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ لیکن حتمی اعلان 270 الیکٹورل ووٹ پورے ہونے پر کیا جائے گا۔ اس کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ صرف الاسکا میں جیت سکا ہے۔