ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے بھارت پر سخت سفری پابندی عائد کر دی، کسی بھی ہندوستانی شہری کو براہ راست سعودی عرب آمد کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کرونا وائرس خدشات کے باعث بھارت سمیت 3 ممالک کے شہریوں پر سخت سفری پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے بھارت، برازیل اور ارجنٹینا سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ضوابط کی وضاحت کی گئیہے۔بھارت، برازیل اور ارجنٹینا کے شہری اپنے ممالک سے براہ راست سفر کر کے سعودی عرب نہیں آ سکتے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت، برازیل یا
ارجنٹینا سے آنے والے مسافروں کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت صرف اس صورت میں ہوگی جبکہ وہ اپنے ملک سے نکل کر کسی اور جگہ کم از کم 14 دن گزار چکے ہوں۔یہ بات پیش نظر رہے کہ مملکت آنے والے ہر فرد کے لیے پی سی آر کی پابندی لازمی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ 3 ممالک میں کرونا وائرس کا پھیلاو خطرناک حدوں کو چھو چکا ہے، اسی لیے ان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس وقت بھارت اور برازیل کرونا وائرس کے زیادہ کیسز اور اموات کے لحاذ سے دنیا کے 3 سب سے خطرناک و متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔ جبکہ ارجنٹینیا بھی عالمی سطح پر 10 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ جبکہ سعودی عرب کئی ماہ کی طویل جدوجہد کے بعد کرونا وائرس پر بہت حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوا ہے۔ گزشتہ کئی روز سے مملکت میں یومیہ بنیاد پر 500 سے کم کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔