دُبئی(نیوز ڈیسک) اس وقت پاکستان میں ایسے ہزاروں ویزہ ہولڈرز موجود ہیں جو امارات واپس جانا چاہتے ہیں تاہم ٹکٹ مہنگی ہونے کے باعث کچھ پریشان بھی ہیں، کیونکہ بے روزگاری کے باعث ان کے لیے مہنگی ٹکٹیں خریدنا بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ تاہم اب ان پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر سُنا دی گئی ہے۔ اماراتی ریاست راس الخیمہ کی جانب سے پاکستان سمیت کئی ممالک کے ویزہ ہولڈرز کو خوش خبری دی گئی ہے کہ اگر وہ امارات واپس آنے کے لیے راس الخیمہ ایئر پورٹ پر اُتریں گے تو انہیں دیگر اماراتی ریاستوں کے مقابلے میں ٹکٹ میں اچھی خاصی رعایت دی جائے گی۔
راس الخیمہ ایئرپورٹ کے مطابق پشاور سے راس الخیمہ کی ٹکٹ 600 درہم میں بک کرائی جا سکے گی ، جبکہ پشاور سے ابوظبی اور دُبئی جانے والوں کے لیے یہ ٹکٹ 700 یا 800 درہم میں پڑتی ہے۔اسی طرح بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ سے راس الخیمہ جانے پر 24 سو درہم میں ٹکٹ فراہم کی جائے گی حالانکہ ڈھاکہ سے شارجہ اور دُبئی جانے پر 3 ہزار درہم کی ٹکٹ خریدنی پڑتی ہے اور نیپالی شہر کھٹمنڈو سے راس الخیمہ کی ٹکٹ بھی 24 سو درہم میں دستیاب ہے ، جبکہ دُبئی اور شارجہ کے لیے ٹکٹ 3 ہزار درہم کی خریدنی پڑتی ہے۔ایک ٹریول ایجنٹ نے بتایا کہ راس الخیمہ کی جانب سے بہت سے ممالک کے شہریوں کے لیے ٹکٹس میں رعایت اس وجہ سے دی جا رہی ہے کیونکہ راس الخیمہ ایئرپورٹ پر اُترنے والے مسافروں کو دُبئی اور شارجہ جانے کی صورت میں 300 سے 400 درہم خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ اس رعایت سے ان کا یہ خرچہ کم ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے راس الخیمہ کی جانب سے فلائٹس کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مختلف ایئر لائنز کی جانب سے سستی ٹکٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔