نئی دہلی (نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ہونے والے پہلے جلسے کو بھارتی میڈیا کی طرف سے نمایاں کوریج دی جارہی ہے ، جہاں بھارتی میڈیا کی طرف سے اپوزیشن کی جانب سے ہونے والے جلسے جلسوں کو وزیراعظم عمران خان اور فوج کے خلاف احتجاج کہہ کر تبصرہ کیا جاتا رہا ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی نیوز چینل سی این این نیوز 18کی طرف سے پی ڈی ایم کے جلسے اور احتجاجی تحریک کو پاکستان پر دباؤ سے تشبیہ دی گئی ، اوراس احتجاج کو ناصرف وزیراعظم عمران خان بلکہ فوج
مخالف ریلی بناکر پیش کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان کے بعد اب پنجاب بھی مختلف سیاسی گروہوں کی وجہ سے دباؤمیں آچکے ہیں ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن شریک ہوں گے ، جب کہ ان کی وجہ سے پاکستان سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہا ہے۔دوسری جانب جلسے سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج دن 3 بجے کے بعد قمر زمان کائرہ کی رہائش گاہ لالہ موسیٰ پر اہم پریس کانفرنس بھی کی، جس کے بعد وہ ریلی کی صورت میں جی ٹی روڈ سے گوجرانوالہ روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ وزیر آباد میں بھی خطاب کریں گے۔مريم نواز رائے ونڈ سے، بلاول بھٹو لالہٰ موسیٰ سے اور فضل الرحمان لاہور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے جلوسوں کی قيادت کرتے ہوئے پہنچيں گے۔ کارکنوں کی بڑی تعداد جناح اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے۔ صبح سے ہی جلسہ گاہ کے اطراف گہما گہمی ہے، جب کہ پنڈال میں ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ میں سیاسی پاور شو سے نواز شریف کا خطاب بھی متوقع ہے۔