ابوظبی(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے بعد درجنوں شعبوں میں تعاون شروع ہو چکا ہے۔دونوں جانب کے کچھ فنکار بھی ایک دوسرے کے ملک کے لیے اپنی محبت ظاہر کر رہے ہیں۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے معروف گلوکاروں نے اکٹھے گانا گایا ہے،ان کی اس مشترکہ ویڈیو کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں اور اس کو پہلے ہفتے میں دس لاکھ سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان 13 اگست کو امن معاہدے کے اعلان اور پھر 15 ستمبر کو اس پر دست خط کے بعد دونوں ملکوں کے گلوکاروں کی یہ پہلی مشترکہ کاوش ہے۔
ان کے گانے کا عنوان :” خوش آمدید“ ہے۔اس کے بول عربی ، عبرانی اور انگریزی زبانوں میں ہیں۔اس میں اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن کی بات کی گئی ہے۔ان کے گانے کی ویڈیو امارت دبئی اور اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں فلمائی گئی ہے۔یو ٹیوب پر پوسٹ ہونے کے بعد صرف چار روز میں 80 ہزار سے زیادہ ناظرین اس کو ملاحظہ کر چکے تھے۔اماراتی گلوکار ولید الجاسم نے العربیہ انگلش سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اسرائیلی گلوکار ایلکانا مرزیانو کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔مرزیانو نے اسرائیل میں منعقدہ گلوکاری کے مقابلے ”دا وائس“(صوت) کے تیسرے سیزن میں کامیابی حاصل کی تھی۔الجاسم نے بتایا کہ مشترکہ گانے کے منصوبے کی اسرائیل کے ایک میوزک پروفیشنل نے یو اے ای کی کبانہ آرٹ پروڈوکشن کمپنی کو ایک ای میل کے ذریعے تجویز پیش کی تھی۔ وہ اسی کمپنی سیوابستہ ہیں۔دونوں گلوکار اس اشتراک سے قبل ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔انھوں نے دبئی اور تل ابیب میں الگ الگ اپنی ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔الجاسم نے بتایا کہ اس ویڈیو کے ریلیز ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے،انھیں سراہا جارہا ہے اور لوگ اسی طرح کے پیغام پر مبنی ایک اور گانے کے منتظر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ”میں اماراتی شہری کی حیثیت سے خود کو ملک کا ”سفیر“خیال کرتا ہوں۔میں دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش کررہا ہوں کہ متحدہ عرب امارات ایک امن پسند ملک ہے۔مجھے امید ہے کہ میں نے یہ پیغام بخوبی پہنچا دیا ہے۔“