ماسکو (نیوز ڈیسک) روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کورونا کی ویکسین تیار کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ روسی نائب وزیر صحت نے کہا کہ ویکسین کی آزمائش آخری مرحلے میں ہے، دنیا کی پہلی ویکسین 12 اگست کو رجسٹرڈ کروائی جائے گی۔ روسی نائب وزیر صحت اولیگ گردنیف نے نے کہا کہ ماسکو کا گامیلی سنٹر دنیا کی پہلی ویکسین 12 اگست کو رجسٹرڈ کروائے گا۔اس حساب سے روس کورونا کی ویکسین تیار کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ویکسین کی آزمائش تیسرے اور آخری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویکسین کیلئے طبی عملے اور ضعیف افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی ماہرین کی توقعات کے مطابق کورونا کی روک تھام کے لیے ویکسین 3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل دستیاب ہو سکتی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے قدامت پسند صحافی جیرالڈو رویرا کے ساتھ ایک ریڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم صدارتی انتخابات سے قبل امریکی عوام کو کورونا ویکسین کا تحفہ دیں گے۔صحافی کے سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم انتخابات کے قریب قریب کورونا ویکسین تیار کر لیں گی، اس سے پہلے بھی ویکسین تیار ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعتاً ہمارے پاس بہت سی ویکسینیں تیاری کے عمل میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم ویکسین اور علاج کے بارے میں بھی بہت جلد نتائج سامنے لائیں گے۔ اسی طرح جاپان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے بھی کورونا وائرس کے خلاف مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان کے وزیر خارجہ موتیگی توشی نے لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کورونا وائرس پر مل کر کام کریں گے۔ موتیگی نے کہا کہ وہ کووڈ۔ 19 سمیت، وسیع شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔