جدہ(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں ایک انوکھی واردات پیش آئی ہے جس میں ہسپتال میں علاج کرانے آیا شخص ہلال احمر کی ایمبولینس لے کر فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہسپتال میں پیش آیا۔ المرصد اخبار کے مطابق ملزم ہسپتال آنے کے تھوڑی دیر بعد ہی ایمبولینس میں بیٹھ کر بھاگ گیا۔ اس دوران موقع پر موجود لوگوں نے اور گارڈ نے اُسے روکنے کی کوشش کی مگر ملزم نے پھر بھی گاڑی تیز رفتار سے بھگا دی۔گارڈ ایمبولینس کے نیچے آنے سے بمشکل بچ گیا۔ ملزم کی یہ ساری واردات کلوز سرکٹ کیمروں میں بھی محفوظ ہو گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو چکی ہے۔
سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابوزید نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ایمبولینس میں کسی مریض کو ہسپتال لایا گیا، تو وہاں موقع کی تاک میں بیٹھا مریض خالی ایمبولینس میں بیٹھ کر فوراً فرار ہو گیا۔مریض نے ہسپتال سے نکلنے کے بعد قریب ہی ایک اسٹیشن پر گاڑی چھوڑی اور پھر وہاں سے پیدل فرار ہو گیا۔ سٹیشن کی انتظامیہ کی جانب سے اطلاع دیئے جانے کے بعد پولیس نے ایمبولینس واپس ہسپتال پہنچا دی۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل ایک سعودی نوجوان نے پولیس کے ذیلی ادارے کی گاڑی چُرالی تھی اور اس موقع پر ایک پولیس اہلکار کی پٹائی بھی کی تھی۔اپنی نوعیت کا یہ پہلاواقعہ الخلیج کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ ایک سعودی نوجوان ٹریفک خلاف ورزیوں اور حادثات کے موقع پر رپورٹ تیار کرنے والے پولیس کے ذیلی ادارے ’نجم‘ کے اہلکار کو زدو کوب کر کے اس کی کار لے کر فرار ہوگیا۔واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس متحرک ہوگئی اور مقامی نوجوان کو ریکارڈ وقت میں گرفتارکرلیا گیا۔نجم کا اہلکار ریاض کے الخلیج محلے میں ٹریفک حادثے کی رپورٹ تیار کر رہا تھا. اسی دوران مقامی شہری نے جو عمر کے تیسرے عشرے میں تھا، نجم کے اہلکار کو زدو کوب کیا اور اس کی کار لے کر فرار ہوگیا۔پولیس ترجمان کے مطابق زیر حراست نوجوان کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔