ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے ہزاروں پاکستانی ڈاکٹرزاور نرسیں مقیم ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹرزکی مہارت اور پیشہ ورانہ قابلیت کو سعودی حکومت بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اسی وجہ سے سعودی وزارت صحت نے ایک بار پھر صحت کے 52 شعبوں کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اُردو نیوز کی ایک خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی ویب سائٹ پر سعودی عرب میں پاکستانی ڈاکٹرز کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی وزارت صحت کو بیشہ ریجن کے لیے فوری طور پر ماہر
ڈاکٹرز کی ضرورت ہے۔جن شعبہ جات کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور کنسلسٹنٹس مانگے گئے ہیں ان میں نیفرالوجی، جنرل سرجری، آرتھو پیڈک، یورولوجی، پلاسٹک سرجری، امراض قلب اور بچوں کے امراض و سرجری، دماغی امراض، گائنی اور کئی دیگر شعبے شامل ہیں۔کنسلٹنٹ کے لیے متعلقہ تجربے کے ساتھ عمر کی حد 60 سال، سپیشلسٹ کے لیے 50 سال جبکہ ڈاکٹر کے لیے 40 سال رکھی گئی ہے۔ ملازمت کے لیے اپلائی کرنے والے ماہرین صحت سے تنخواہ و مراعات کے معاملات انٹرویو کے وقت طے کیے جائیں گے۔پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن نے امیدواروں کو آن لائن اپلائی کرنے کے لیے کہا ہے اور اس کے لیے آخری تاریخ دس ستمبر مقرر کی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان بیورو آف ایمیگریشن کاشف نور نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی یہ ڈیمانڈ کورونا کے بعد نوکریوں کی کمی کے خدشے کو دور کرنے میں مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ اس ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے اپنے حصے کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ گزشتہ چھ ماہ سے آنے والے تعطل سے افرادی قوت کی برآمد میں ہونے والی کمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔