مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک)گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ مسجد نبوی میں نمازیوں کے لیے صفیں بچھائی جا رہی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ حرمین کی انتظامیہ نے مسجد نبوی کو عام نمازیوں اور زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم مسجد نبوی کی انتظامیہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ مسجد نبوی کے بعد اب مسجد الحرام میں بھی نمازیوں کے لیے صفیں بچا دی گئی ہیں۔اُردو نیوز کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم مکی کے صحن مطاف اور دیگر مقامات پر سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے صفیں بچھا دی گئی ہیں۔ادارہ امور حرمین کے نگران
اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی جانب سے جاری احکامات پر عمل کرتے ہوئے مسجد الحرام میں صفیں بچھائی گئیں۔کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی نئے ہجری سال کے آغاز میں حرمین شریفین میں نئی صفیں بچھائی جاتی ہیں۔ اس اصول پر عمل کرتے ہوئے پہلے مسجد نبوی میں نئی صفیں بچھائی گئی تھیں جبکہ جمعرات کی سہہ پہر حرم مکی میں بھی نئی صفیں بچھانے کے عمل کا آغاز کیا گیا۔صفیں بچھانے کے بعد کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھا گیا ہے جس کے تحت ایک نمازی سے دوسرے کے درمیان کم از کم 2 میٹر کا فاصلہ رکھتے ہوئے صفوں پر نشانات بھی وضع کیے گئے ہیں۔ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ کا عمل جاری ہے اس حوالے سے کارکنوں کو مختلف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے جو اعلی معیار کی جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے علاوہ دیگر جراثیموں سے محفوظ رہا جاسکے۔تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا صفیں بچھانے کا کام عام نمازیوں کو مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کی اجازت دینے کی تیاریوں کا حصہ ہے یا نہیں۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر حرم مکی میں مارچ کے اوائل سے عام افراد کے داخلے پر پابندی ہے جبکہ تاحال عمرہ بھی بند ہے۔