نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین نے اپنے سب سے جدید جنگی طیارے بھارت کی سرحد پر پہنچا دیے، بذریعہ سیٹلائٹ تصاویر چینی فضائیہ میں شامل چوتھی جنریشن کے جے 20 اسٹیلتھ لڑاکے طیاروں کی بھارتی سرحد کے قریب موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے فرانس سے 5 رافیل جنگی طیارے حاصل کیے جانے کے بعد خوب بھڑکیں ماری جا رہی تھیں۔صرف چند طیاروں کے حصول نے بھارت کی مودی سرکار کا دماغ ساتویں آسمان پر پہنچا دیا تھا۔ جبکہ رافیل طیاروں کی کھیپ موصول ہونے کے بعد حواس باختہ اور غیر سنجیدہ بھارتی میڈیا بھی پاکستان اور
چین کو مضحکہ خیز دھمکیاں دے رہا تھا۔ اب اس تمام صورتحال میں چین کے ایک خاموش اقدام نے بھڑکیں مارنے والے بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ چین نے اپنے سب سے جدید جے 20 اسٹیلتھ جنگی طیارے بھارت کی سرحد کے قریب پہنچا دیے ہیں۔ اس حوالے سے چینی حکام کی جانب سے تو کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے چینی جے 20 سٹیلتھ جنگی طیاروں کی بھارتی سرحد کے قریب چینی ائیربیس پر موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ 2 چینی جے 20 جنگی طیاروں کو بھارت کی سرحد کے قریب واقع ائیربیس پر تعینات کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ چینی فضائیہ کے پاس موجود جنگی طیاروں میں جے 20 سب سے جدید جنگی طیارہ ہے۔ جے 20 چوتھی جنریشن کا ایک اسٹیلتھ جنگی طیارہ ہے، جو امریکی ایف 35 اسٹیلتھ طیارے کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے حالات کشیدہ ہیں۔ دونوں ممالک کی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہو چکیں جس کے نتیجے میں کئی بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ چینی فوج بھارت کے بڑے علاقے پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہی۔