اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک میں اچانک سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اس وباء کی دوسری لہر کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔پی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور دنیا میں دوسری لہر سے متاثر ہونے والے ممالک میں کورونا وائرس وباء زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ اور بالخصوص کراچی میں کیسز میں اضافے کی وجہ ایس او پیز سے دوری ہے، لوگ ماسک لگانے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو صاف نہیں رکھ رہے ہیں۔پی ایم اے نے کہا کہ پرائمری اور پری پرائمری کلاسز میں بچوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے، ملک سے کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس موقع پر عوام سے گزارش کی کہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔اطلاعات کے مطابق ملک میں پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد انتقال کرگئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 31697 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 625 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 15 افراد انتقال کرگئے۔پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 13431 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6499 تک جا پہنچی ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 558 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔