لاہور(نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نے صوبے میں انصاف آفٹر نون سکولوں کا آغاز کردیا، نصاف آفٹر نون سکولوں کا مقصد مڈل اور ہائی اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرنا ہے، ابھی تک 22 اضلاع میں 577 سکول قائم کردیے گئے ہیں۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کے مڈل اور ہائی اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی لانے اور تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے انصاف آفٹر نون اسکول کا آغاز کیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت اب تک 22 اضلاع میں اب تک 577 انصاف آفٹر نون سکولوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان سکولوں میں 20 ہزار سے زائد طلباء رجسٹرڈ
ہو کر تعلیم سے مستفید ہو رہے ہیں۔دوسری جانب محمکہ سکولز پنجاب نے ہشتم کا امتحان ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔اب آٹھویں جماعت کے اسیسمنٹ ٹیسٹ بھی سکولوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ پنجاب ایگزمیشن کمیشن سکولوں میں ہی اسیسمنٹ ٹیسٹ کے ذریعے طلباء اور اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ سیٹ کررہا ہے۔ اس سے قبل پیک کے تحت ہر سال 25 لاکھ بچوں کا امتحان لیا جاتا تھا۔ لیکن رواں سال سکولوں میں ہی صرف اسیسمنٹ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے پانچویں جماعت کا بھی امتحان ختم کردیا تھا۔مزید برآں کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ تعلیمی بورڈز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے امتحانات ختم کردیے گئے، حکومت نے طلباء کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کردیا ہے۔ کورونا کے باعث پاکستان میں بھی اول تا ہفتم کے طلبا کو بغیر امتحان اگلی جماعت میں پروموٹ کردیا گیا ہے۔ سکول کھلتے ہی بچے اگلی جماعتوں میں بیٹھیں گے۔