اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کورونا کیسز میں کمی پر تعلیمی ادارے کب کھولیں، کل اہم فیصلوں کا امکان ہے، ہائیر ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن پنجاب ستمبر کے پہلے ہفتے میں ادارے کھولنے کی تجویز دیں گے، حتمی فیصلہ بین الصوبائی وزراء میں کیا جائے گا۔ بین الصوبائی وزراء تعلیم کی کانفرنس بدھ کے روز ہوگی، صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔ ہائیر ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن پنجاب نے ہوم ورک مکمل کر لیا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ادارے کھولنے کی تجویز دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں
اور مراد راس اپنے اپنے محکموں کے ایس او پیز پیش کریں گے۔ بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس میں تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزراء کے درمیان ہونے والے اتفاق کو این سی او سی کے سامنے رکھا جائے گا جہاں سے حتمی منظوری لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے وفاق کے فیصلے کے ساتھ چلنے پر اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ کانفرنس میں سندھ اور پنجاب نے تعلیمی ادارے اگست میں کھولنے کی مخالفت کی تھی۔ 8 جولائی کو ہونے والی کانفرنس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو کھولنے کا اعلان کیا گیا۔