راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی 20 میچ میں بھی 8 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 130 رنز کا ہدف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر فخر زمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 20 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔عبداللہ شفیق نے ڈیبیو میں شاندار 41 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، خوشدل شاہ نے 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔زمبابوے کی جانب سے مساکڈزا اور شومبا نے ایک،
ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی 20 میچ میں زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیاتھا۔زمبابوے کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری جب برینڈن ٹیلر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چبھابھا 31 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر حیدر علی کو کیچ دے بیٹھے۔شان ایرون 4 رنز بناسکے، مادھویری 9 رنز بنا کر عثمان قادر کا نشانہ بنے، ٹریپانو نے 28 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم نے دو، حسنین اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔3 ٹی 20 سیریز میں زمبابوے کے خلاف پاکستان کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، زمبابوے کے خلاف تیسرے ٹی20 کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔سیریز جیتنے کے بعد پاکستان نے نئے کھلاڑی آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔عبداللہ شفیق، عماد وسیم اور موسی خان کی ٹیم میں شمولیت ہوئی ہے۔ بیٹسمین عبداللہ شفیق پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔ جبکہ محمد حفیظ، وہاب ریاض اور فہیم اشرف کو آرام دیا گیا ہے۔