اسلام آباد( اصغرحیات)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس نے باضابطہ طور پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سردار تنویر الیاس استحکام پارٹی آزاد کشمیر کی صدارت سے بھی جلد مستعفی ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس سیاسی منظرنامے پر ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ گورنر پنجاب سمیت مختلف سیاسی رہنماوں کے ساتھ ملاقاتیں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ سردار تنویر الیاس جلد اپنے سیاسی مستقبل کا بھی اعلان کریں گے۔ سردار تنویر الیاس مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس کشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاست میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پیشکش بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز پہلے سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس کی نااہلی ختم کر دی تھی۔
