لندن(نیوز ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا بولٹن میں خبر رساں ادارے کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے پچھلی حکومت میں نواز شریف نے ہماری مدد کی تھی جب کہ موجودہ حکومت نے باکسنگ کے علاوہ باقی تمام سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی دعوت پر پاکستان جا کر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اسلام آباد میں باکسنگ اکیڈمی بنائی، لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان سے آئے میرے ایک دوست نے مجھے بتایا کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے
اب تک کچھ نہیں کیا۔پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، لیکن نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے انہیں کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، جس کی وجہ سے پاکستانی نوجوانوں میں صلاحیتیں ابھر کر سامنے نہیں آتیں۔ خبر رساں ادارے کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ حکومت سے سوال کیا کہ وفاقی بجٹ میں جو کھیلوں کے لیے بجٹ رکھا جاتا ہے اس کی رقم کہاں خرچ ہوئی ہے؟ اگر حکومت ہمیں بجٹ فراہم کریں تو ہم پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھار سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر کے بعد میں اپنی فائٹ کا سوچ رہا ہوں، جس کا حتمی فیصلہ جلد ہی کر لوں گا۔