بلال سعید، صباقمر کو معافی مانگنے کے بعد بھی دھمکیاں ملنے لگیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے کہا ہے کہ بلال سعید، صباقمر کو معافی مانگنے کے بعد دھمکیاں دینا غلط ہے، پنجاب حکومت تمام مساجد کیلئے ایس اوپیز بنائے گی، تاکہ فلمی شوٹ ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ شادیوں کے شوٹ پر بھی پابندی عائدکی جائے، مساجد میں نکاح کرنا سنت ہے، لیکن مسجد کا احترام سب کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پنجاب حکومت مستقبل میں مسجد کی بے حرمتی کے واقعات سے بچنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، یہ تو مسجد میں شوٹ کیا گیا تھا، لیکن جو مسجد کے باہر شوٹ کیے جاتے ہیں وہ بھی کوئی کم نہیں ہوتے۔مساجد کا احترام ہے، تقدس ہے، اس کو بالکل پامال نہیں ہونا چاہیے۔ ہر کسی کو اپنی زندگی گزارنے کی آزادی ہے،

لیکن مساجد میں احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔انہوں نے اپنے ایکٹ کی معافی مانگی ہے، ان کے معافی کے ویڈیو پیغامات بھی آئے ہیں۔یہ ہم سب کے لیے سبق ہے۔ جب انہوں نے معافی مانگ لی ہے تو پھر ان کو دھمکیاں دینا بالکل غلط ہے۔یہ افسوسناک واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب بھر کی مساجد کیلئے ایس اوپیز بنائیں گے، تاکہ فلمی شوٹ ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ شادیوں کے شوٹ پر بھی پابندی عائد کریں گے۔مساجد میں نکاح کرنا سنت ہے، لیکن شادی کی تقریبات میں لوگ بھول جاتے ہیں کہ مسجد ہے، مسجد کا احترام سب کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے جواجازت نامہ فارم بھرا ہے، اس میں واضح لکھا ہے کہ میوزک نہیں بجائیں گے، ہم ان کی قسم پر یقین کرتے ہیں کہ انہوں نے میوزک نہیں بجایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں