اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) حمیرااعظم ہوتی کے گھر چوری کی ایف آئی آر تین سال کے بعد درج۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹراعظم ہوتی مرحوم کی بیوہ حمیرا اعظم کے گھر2018 میں چوری کی واردات کی ایف آئی آر درج ہوگئی۔تین سال قبل سینیٹر اعظم ہوتی کی بیوہ کے گھر چوری ہوئی جس میں چور گھر سے تقریبا چار کروڑ مالیت کا سامان ، 75 ہزار اسٹرلنگ پائونڈچھ عدد بُت، 3عدد چیک بُکس،5عدد اسٹامپ پیپرز، چار عدد ڈائمنڈ گھڑیاں رولیکس،چار عدد اسلحہ لائسنس،3عدد موبائلزاور دیگر کچھ ضروری کاغذات چوری کرکے لے گئے جس کیلئے مدعیہ نے اپنے علاقہ کے تھانہ سے رجوع کیا اور
شک کی بنا پر کچھ افراد کے نام دیئے جس میں سب سے پہلا نام موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی عبدالرحیم اور اُن کی زوجہ صائمہ گل اور اپنی دوست راحیلہ شاہین کا نام دیا ، مگر پولیس کے افسر کا نام شامل ہونے کی وجہ سے پولیس نے روایتی طریقو ںسے کام لیتے ہوئے ٹال مٹول سے کام لینا شروع کردیا۔مدعیہ نے انصاف کے حصول کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھیں اور بالآخرتین سال بعد ملزمان کیخلاف ایف آئی آر تھانہ مچنی گیٹ میں درج ہوگئی ہے۔حمیرا اعظم نے کہا ہے کہ امید ہے اس کیس کی غیر جانبداری سے تفتیش کرتے ہوئے مجھے میرا لوٹا ہوا سامان واپس دلوایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مزید تفتیش کی جائے توموٹر وے کے ڈی ایس پی عبدالرحیم کے خلاف بہت سے ہوشربا انکشافات بھی سامنے آسکتے ہیں، ڈی ایس پی عبدالرحیم غیر قانونی طریقہ سے گاڑیوں کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور اس کی ساتھی صائمہ گل اور راحیلہ شاہین بھی ہر جرم میں باقاعدہ شریک ہیں ، بالآخر سی سی پی او نے سخت ایکشن لے ہی لیا اور اُن کے نوٹس میں لانے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی اب مجھے امید ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے مجھے انصاف مہیا کیا جائے اور ملزمان سے میرا لوٹا ہوا پیسہ واپس دلوایاجائے ۔