پشاور(نیوز ڈیسک) افتتاح کے دوسرے روز ہی پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی بس خراب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور بی آر ٹی کی بس خراب ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قلعہ بالاحصار کے سامنے بی آر ٹی روٹ پربس خراب ہوگئی، جس کی وجہ سے مسافر رل گئےاور انہیں تپتی دھوپ میں کئی کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑا۔بس خراب ہونے کی ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے پشاور بی آر ٹی بسوں کی حالت اور منصوبے کی شفافیت پر کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اگر افتتاح کے دوسرے روز ہی بس خراب ہوگئی ہے تو اس منصوبے کا اگلے چند روز میں کیا حال ہوگا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پشاور بس
ٹرانزٹ منصوبہ تاحال نامکمل ہے۔بی آرٹی کے 3 ڈپو، کمرشل پلازے اور سائیکل اسٹینڈ ٹریک پر کام مکمل نہ ہوسکا، 32سائیکل اسٹیشن میں صرف6 پر کام مکمل کیا جاسکا۔ بی آر ٹی منصوبہ 2017ء میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا تھا۔افتتاح کیلئے 8 بار تاریخ دی گئی اور 49ارب لاگت کا تخمینہ تھا ،لیکن منصوبہ 71 ارب سے زائد میں مکمل ہوا۔ اگر منصوبے کی افادیت سے متعلق بات کی جائے تو بی آر ٹی کا مرکزی کوریڈور چمکنی سے کاراخانو کراسنگ تک 27 کلو میٹر طویل ہے جبکہ شہر کے مختلف حصوں سے 5 آف کوریڈور روٹس بھی مرکزی کوریڈور سے ملتے ہیں۔چارسدہ روڈ پر کوہاٹ اڈا شاہ عالم آف کوریڈور لنک 18 کلومیٹر طویل ہے جبکہ چمکنی پشتخۃ چوک سیکشن 19 کلومیٹر تک طویل ہے، اس کے علاوہ 3 دیگر روٹس حیات آباد اور کارخانو کراسنگ کے مختلف حصوں کو آپس میں ملاتےہیں۔ منصوبے میں سائیکل کیلئے بھی سسٹم بنایا گیا ہے۔ بس ٹرانزٹ پشاور کے سی ای او کے مطابق کمپنی کے پاس 200 ڈیزل ہائبرڈ ایئرکنڈیشن بسز کا بیڑا تھا جو مرکزی اور آف کوریڈور روٹس کا 59 کلومیٹر کا حصہ کور کرے گا۔یہی نہیں بلکہ اس منصوبے میں سائیکل شیئرنگ سسٹم بھی بنایا گیا ہے جبکہ اس کے لیے 360 بسز خریدی گئی ہیں۔ سی ای او کے مطابق بی آر ٹی منصوبے میں ایکسپریس سروس بھی ہے جو مرکزی کوریڈور پر صرف 7 اسٹیشن پر اسٹاپ کرے گی جبکہ ریگولر بس سروس کی تمام اسٹیشن پر دستیابی ہوگی۔ کرائے کی بات کی جائے تو مسافروں کو ہر 5 کلومیٹر پر 10 روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ ہر 5 کلومیٹر کے لیے کرایہ 5 روپے تک بڑھ جائے گا۔ ایک مسافر کو چمکنی سے کارا خانو کراسنگ تک سفر کی لاگت 35 روپے پڑے گی۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رہائشیوں میں 10 ہزار زیڈ یو بی آر ٹی کارڈز بھی فری تقسیم کیے گئے ہیں۔