اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) جمعرات کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا تاہم خضدار، لسبیلہ، لاہور،
راولپنڈی، کراچی اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں خضدار 27 ملی میٹر، لسبیلہ 19، اسلام آباد (سیدپور 25، زیروپوانئٹ 11، بوکرا 08، ایئرپورٹ 06، گولڑہ 04)، پنجاب میں گجرات 05، راولپنڈی ( شمس آباد 01)، سندھ میں کراچی (یونیورسٹی روڈ 02 ، جناح ٹرمینل، کیماڑی اور سعدی ٹاؤن 01) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی ، دالبندین، دادو اور بھکر میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔