کوئٹہ(نیوز ڈیسک) کوئٹہ میں بم دھماکہ، ایک بچہ جاں بحق، 6 افراد زخمی، صوبائی دارالحکومت کے علاقے بروری روڈ پر ہوئے دستی بم حملے کے نتیجے میں 2 بچے بھی شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اموات میں اضافے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کی شب کو افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔ حملہ ایک دکان پر کیا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ 2 بچے
شدید زخمی ہوئے۔ بچوں کے علاوہ مزید افراد بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ سیکورٹی فورسز نے فوری علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں کریکر بم حملوں کے 9 واقعات پیش آئے ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں بھی ایک کریکر بم حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔ سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے جشن آزادی کی آمد پر ایسے بزدلانہ حملے کیے جا رہے ہیں، تاکہ یوم آزادی کی خوشیوں کو سبوتاژ کیا جا سکے۔