پشاور(نیوز ڈیسک)وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی پارٹی کے سینئر رہنما امین علی گنڈا پور کے مریم نواز سے متعلق دئیے گئے بیان کی حمایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پر ذاتی حملے کیے۔اسکردو میں جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آن ریکارڈ کہتا ہوں، مریم خوبصورت ہے، میں بھی مانتا ہوں لیکن اس خوبصورتی کے اوپر نواز شریف کی حکومتوں میں آپ کا کروڑوں روپیہ لگ چکا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نے نواز شریف کے دو حکومتوں میں ٹیکس کے پیسوں سے خود کو خوبصورت بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی سرجریاں کرائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم کی یہ خوبصورتی بھی آپ کی دی ہوئی ہے اور یہ آپ کا مال ہے۔اسی پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن کے رویے پر علی امین گنڈا پور کی تقریر کی صورت میں ردعمل تو سامنے آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے بھی وزیراعظم کی اہلیہ سے متعلق سوال اٹھاتے ہیں ، غصہ تو آتا ہے جب کوئی آپ کے بارے میں سوال اٹھاتا ہے۔اگر میرے بارے میں بھی کوئی بات کرے گا تو جلسے کے دوران دماغ میں وہ چیزیں آئیں گی،جیسا بولو گے ویسا ہی سنو گے۔دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز ان دنوں گلگت بلتستان میں موجود ہیں جہاں وہ انتخابی مہم زور و شور سے چلا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مریم نواز پر ذاتی حملے کیے تھے جس کی سیاسی اور عوامی حلقوں نے سخت مذمت کی تھی۔اب بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی وزیر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں جلسہ عام سے خطاب میں وفاقی وزیر پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ جب ہار نظر آتی ہے تو یہ لوگ گالی پر اتر آتے ہیں اور دھاندلی کی کوشش کرتے ہیں، ہر جگہ اپنے گندے وزیر کو بھیج کر گندی زبان استعمال کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نگر کی عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مریم نواز آپ کی مہمان ہے اورشاید ان کا گلگت کا پہلا سیاسی دورہ ہے اور گندا وزیر اپنی گندی زبان عورتوں کے خلاف استعمال کررہا ہے، کیا یہ آپ کی زبان اور ثقافت کا حصہ ہے؟اس پرجلسے میں موجودعوام نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔