لاہور(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کمر کی شدید تکلیف میں مبتلا ہوگئے ، جس کے باعث مسلم لیگ ن کی طرف سے اپنی جماعت کے صدر کو فوری طور پر ڈاکٹر تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صحت کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے ، اپوزیشن لیڈر کو جانتے بوجھتے ہوئے احتساب عدالت بکتر بند گاڑی میں لایا گیا جس سے اِن کی کمر میں تکلیف ہوئی ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان جان بوجھ کر شہبازشریف کو نقصان پہنچا رہے ہیں ،
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو اذیت دے کر اپوزیشن جماعتوں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا ، جو شخص اپنے سیاسی مخالفین کی صحت پر سیاست کرے وہ قابل ترس ہے ، تحریک انصاف حکومت کے اقتدار کا سفر شہباز شریف کی صحت پر اختتام پزیر ہو رہا ہے۔قبل ازیں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا تھا کہ انہیں جیل میں 16 گھنٹے تک بھوکا رکھا گیا اس کے علاوہ بہت بے عزتی کی جاتی ہے ، قانونی طور پر جو سہولیات بنتی ہیں وہ بھی مہیا نہیں کی جاتیں ، میڈیا ذرائع کے مطابق مرکزی صدرمسلم لیگ ن نے مریم نواز سے ہونے والی ملاقات میں بتایا کہ نیب کی طرف سے ان کے ساتھ جیل میں بہت غلط کیا جا رہا ہے ، کیوں کہ جیل میں بہت بے عزتی کی جاتی ہے ، جیل حکام کہتے ہیں انہیں اوپر سے حکم ہے جس پر وہ کچھ نہیں کر سکتے ، ایک دن یہ سب کچھ خود ان کے اپنے سامنے آئے گا ، ایک دن بتایا گیا کہ فاسٹنگ ٹیسٹ ہونا ہے جس کے لیے ڈاکٹر آرہا ہے ، اس لیے کچھ بھی نہیں کھانا ، اس بناء پر مجھے 16 گھنٹے تک بھوکا رکھا گیا ، لیکن اتنا وقت گزرنے کے باوجود کوئی بھی ڈاکٹر ٹیسٹ لینے کے لئے نہیں آیا ، اس دوران جب طبیعت خراب بگڑ گئی تو انتظامیہ نے کہا آج تو ڈاکٹر نہیں آئے گا۔