اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ سے آفیشل ریکوزیشن کی ہے، ان کی واپسی کا سو فی صد چانس ہے۔ انھوں نے کہا برطانیہ سے نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن مانگی ہے، کارروائی جاری ہے نواز شریف اپنی سزا پاکستان میں پوری کریں۔انھوں نے کہا برطانیہ جیسا ملک کسی مجرم کو صرف بیماری کی آڑ میں چھپا کر نہیں رکھے گا، نواز شریف کے پاس برطانیہ میں علاج معالجے کا ریکارڈ نہیں، نواز شریف کے برطانیہ میں مقیم رہنے کے چانسز تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔بابر اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان میں نظام
اور حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ریاستی اداروں کے خلاف جو زبان استعمال ہوئی قوم نے اسے مسترد کر دیا، بلاول کا نواز شریف کے حالیہ بیان سے متعلق ردعمل مناسب تھا، یہ اور بھی بہتر ہوتا اگر یہ ری ایکشن بروقت ہوتا، بلاول کو نواز شریف کی تقریر کے دوران فوری اختلاف کرنا چاہیے تھا۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا جی بی کے عوام 11 جماعتوں کا فیصلہ کر دیں گے، اپوزیشن جماعتیں اور پی ڈی ایم خود ایک پیج پر نہیں ہیں، مولانا، بلاول اور مریم نے دسمبر میں حکومت کے جانے کی تاریخ دی ہے، شاید انھوں نے دسمبر 2027 کی تاریخ دی ہو، تاریخیں دیتے ہوئے ڈھائی سال گزرگئے ہیں، باقی کے 2 سال اور اگلے 5 سال بھی تاریخیں دیتےگزر جائیں گے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کرپشن کے بڑے بڑے ذرائع پکڑےگئے ہیں، گوگل منی لانڈرنگ نیٹ ورک بنا کر پاکستان سے منی لانڈرنگ کی گئی، اور اب اپوزیشن جماعتوں کی این آر او کے لیے ہر وقت کوششیں جاری ہیں۔