اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان میں الیکشن میں آمنے سامنے آنے پر زرداری سیاست نے اپنا جادو دکھانا شروع کردیا ، مسلم لیگ ن کو پیپلزپارٹی رفتہ رفتہ مزید سرپرائز بھی دیتی رہے گی،ان خیالات کا اظہار اینکر پرسن و سینئر صحافی کامران خان نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹون زرا ہلکی رکھی ہے، اور وہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیانیہ سے قطع تعلق کررہے ہیں، کیوں کہ گزشتہ چند روز میں دیکھا گیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کے لب و لہجہ میں تبدیلی آرہی ہے، جس میں سے ایک بار پھر مفاہمانہ سیاست کی جھلک نظر آرہی ہے،جو کہ اس سے پہلے
پاکستان پیپلزپارٹی کا خاصہ رہا ہے۔سینئر صحافی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پاکستان کے ایک صوبے میں حکومت ہے تو انہیں یقینی طور پر سندھ میں اپنی حکومت کو بھی بچانا ہے، اس لیے وہ اس راستے پر نہیں چل سکتے جو نوازشریف نے اپنایا ہے کیوں کہ وہ تو سیاست سے تاحیات نااہل ہوچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بی بی سی کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے جو گفتگو کی گئی وہ سابق وزیراعظم کے لہجے اور گفتگو سے یکسر مختلف نوعیت کی بات تھی، جو مسلم لیگ ن کے قائد پچھلے کئی ہفتوں سے عوامی جلسوں میں کرتے رہے ہیں۔تجزیہ کار و اینکر پرسن کامران خان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے آج ن لیگ کے بیانیہ سے قطع تعلقی اختیار کی گئی ہے جو کہ پاکستان کی سیاست کا ایک اہم موضوع بن چکی ہے، جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی تو پہلے سے ہی ایک دوسرے کی متصادم جماعتیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے ڈیڑھ ماہ قبل ہی کہا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔