لندن (نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کا انکشاف۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کو بذریعہ وٹس ایپ دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے ہیں۔ اس حوالے سے حسن نواز نے برطانوی پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ برطانوی پولیس نے دھمکی آمیز پیغامات کی تفصیلات حاصل کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے صاحبزادے کو برطانوی نمبر سے ہی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حسن نواز برطانیہ کے شہری ہیں اور کئی برس سے وہیں مقیم ہیں۔ جبکہ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی انکشاف کیا تھا کہ ان کے قریبی لوگوں کو دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔اس حوالے سے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے قریب لوگوں کو نامعلوم نمبرز سے دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں۔ نامعلوم نمبرز سے کالز کر کے کہا جا رہا ہے کہ آج کی تقاریر کے بعد کریک ڈاؤن کے لیے تیار ہو جانا چاہئیے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے عوام نوٹ کر لیں ، یہ ریکارڈ کے لیے یہاں لکھا ہے۔ دھمکی آمیز کالز کا انکشاف کیے جانے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ایک ایکسپرٹ سے بات ہوئی تھی، جن لوگوں کو فون آئے ان کے فونز کا فارنزک کرنا ہو گا تاکہ دھمکی دینے والے تک پہنچا جا سکے۔انہوں نے درخواست کی کہ براہ مہربانی قانون نافذ کرنے والے ادارروں سے رابطہ کریں اور فارنزک کرا لیں ۔