کراچی(نیوز ڈیسک) کراچی سمیت سندھ بھرمیں ریسٹورنٹس، سینماہالز، جمزکھولنے کا فیصلہ، 10اگست سے کراچی سمیت صوبے بھر کے ريسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ سندھ حکومت کے مطابق کے مطابق کاروبار بھی شام 7 بجے کے بجائے رات 9 بجے تک کھلے کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس دوران سینما ہالز، بیوٹی پارلرز، ہيلتھ کلبز اور جمز بھی 10 اگست کو کھل جائيں گے، تاہم تفریحی پارکس ابھی نہیں کھول رہے۔پبلک مقامات کھلنے پر انتظامیہ نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں، جب کہ محکمہ داخلہ سندھ اس سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کرے گا۔
دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اگر کرونا کیسزبڑھ گئے تو فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں اور جو شعبے کھول رہے ہیں وہ بند کرنے پرغور کرسکتے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اس حوالے سے ضابطہ کار جاری کرے گی، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری اس پرکام کر رہے ہیں۔تعلیمی اداروں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ حالات بہترہوئے تو اسکول بھی 15 ستمبرکو کھول دے جائیں گے تاہم اگر کرونا کیسزبڑھ گئے تو فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں، ہمارا 90 فیصد اتفاق ہے کہ چیزیں ایس او پیز کے تحت کھولنی ہیں۔ قومی رابطہ کمیٹی نے 15 ستمبر سے اسکول اور شادی ہالز کھولنے کی تاریخ دی ہے، ہم بھی اسکول ، ریسٹورنٹ، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے اور جو بھی خدمات کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔دوسری جانب پنجاب حکومت نےبھی تھیٹر اور سینماہالز کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار کرلیے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 76سینما اور70 تھیٹرز کے لئے ایس او پیز بنائے گئے ہیں، سینما اور تھیٹر کے ہالز، گیلری، واش رومز اور کیفے ٹیریا کی صفائی اورجراثیم کش سپرے کو یقینی بنایا جائے گا، دروازوں کے ہینڈلز، سیڑھیاں اور برقی بورڈ بھی ہر شو کے بعد صاف رکھے جائیں گے۔