اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کیلئے عظیم خوشخبری سنادی۔وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے عظیم خوشخبری۔ بالآخرہم درست سمت میں چل نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سرپلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 792 ملین ڈالر سرپلس ہوگیا جسے گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 1492 ملین ڈالر خسارے کا سامنا تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات 29 فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلات زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ ماہ اگست میں اسٹیٹ بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا
کہ کرنٹ اکاؤنٹ میں 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 60 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ ہوا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جولائی میں 50 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں 71 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔جولائی سے اگست تک مجموعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جہاں مالی سال 20-2019 کے اسی عرصے میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا تھا۔واضح رہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سرپلس میں تبدیل کرنے والا اہم عنصر درآمدات میں تیزی سے کمی ہے۔