کراچی (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اورپارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مزار قائد پر کھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ووٹ کو عزت دلوائیں گے، مادرملت کا بھی الیکشن چوری ہوا، ہم ریاست کو کمزور نہیں ہونے دیں گے،جھوٹے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کراچی میں گرفتاری کے بعد عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم پاکستان کی حفاظت کریں گے۔اور پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔ ہم ذوالفقار بھٹو کے 1973ء کے آئین کے پاسبان بن کر ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔
جھوٹے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ مادرملت نے بھی آمریت کا سامنا کیا۔مزار قائد پر کھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ووٹ کو عزت دلوائیں گے،مادرملت کے مزار پرکھڑے ہوکر قسم کھائی کہ ہم ریاست کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔مادرملت کا بھی الیکشن چوری ہوا ، اب مادرملت کے ن لیگ کے بچوں کے ساتھ بھی یہی ہورہا ہے۔ الیکشن چوری ہو تو ریاست کمزور ہوتی ہے۔مسلم لیگ ن کا نعرہ ہے ووٹ کو عزت دو، ہم الیکشن کو چوری نہیں ہونے دیں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ قائداعظم کےمزار پر ان کے فرمودات کو دہرانا کون سا گناہ ہے؟ قائداعظم کے مزار پر نوازشریف زندہ باد یا مریم زندہ باد کے نعرے نہیں لگے، بلکہ صرف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے گئے، مزار قائد پر ہلڑ بازی پی ٹی آئی نے کی تھی، اور ہمارا مزار قائد پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی گناہ بن گیا، جانتی ہوں ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے کون ڈرتا ہے، فاطمہ جناح سے نواز شریف سب کو غدار قرار دیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ نامعلوم افراد کون ہیں، جو خلائی مخلوق سے زمینی مخلوق بن گئے ہیں۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ حکومت نے ہمارا کام آسان کردیا اور ہمیں قوم کو بتانے کا موقع دیا کہ نواز شریف سچ کہتے ہیں کہ ملک میں ریاست کے اندر ریاست نہیں بلکہ ریاست سے بالا ریاست ہے، قریبی رشتوں کے ذریعے بلیک میل کرنے کی بجائے ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفدر کی گرفتاری کا مقصد پی پی اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے، صفدر کو پہلے سے دھکیاں مل رہی تھیں کہ آپ کو نہیں چھوڑیں گے، کیپٹن صفدر کیخلاف کیس کا مدعی دہشتگردی کیس میں اشتہاری ہے، تمام مقدمات میں ایک جیسےمدعی کیوں ہوتےہیں۔پی ڈی ایم قیادت نےکیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پرتشویش کااظہارکیا، وزیراعلیٰ سندھ نےفون کرکےکہاکہ ہم شرمندہ ہیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے فون پر کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری میرے لیے باعث صدمہ ہے، انہیں جس طرح گرفتار کیا گیا وہ سندھ کی روایات کے خلاف ہے۔