کراچی(نیوز ڈیسک)مزار قائد کی بے حرمتی کیس میں سندھ پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑ کر ان کے شوہر اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کو گرفتار کرلیا۔مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ہمارے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔دونوں سیاسی رہنما پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے گرفتاری کے بعد ووٹ کو عزت دو،
مادر ملت زندہ باد اور ایوبی مارشل لاء مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔پیپلزپارٹی کے رہنما صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج ڈالنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے ، کیوں کہ کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔