لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تاجر رہنما جعفر شاہ نے کہا ہے کہ حفیظ سنٹر میں کروڑوں کا نہیں اربوں کا کاروبار ہوتا ہے، آگ نے حفیظ سنٹر کے 60 فیصد حصے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تاجر برادری کے رہنما جعفر شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ سنٹر میں آگ بھجانے والے تمام آلات موجود ہیں۔ حفیظ سنٹر میں کروڑوں کا نہیں اربوں کا کاروبار ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پلازے میں 800 دکانیں ہیں جن میں سے تقریباََ 400 سے زائد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔ اگر جلد از جلد آگ پر قابو نہ پایا گیا تو اربوں روپے کا نقصان ہو جائے گا۔
آگ اس وقت حفیظ سنٹر کے 60 فیصد حصے پر پھیل چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر اپنی اپنی دکانوں سے سامان نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، سب کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سامان محفوظ بنایا جا سکے۔میڈیا ذرائع کے مطابق تاجر اس نقصان پر نہایت ہی غم میں ہیں، تاجروں کا کہنا ہے کہ ا ن کی زندگی بھر کی کمائی جل کر خاکستر ہو گئی ہے۔ کروڑوں کا نقصان ہونے پر کئی تاجر میڈیا سے بات کرتے آبدیدہ ہوگئے۔ کئی تاجر اپنی جان پر کھیل کر پلازے سے سامان نکالنے میں بھی مصروف ہیں۔دوسری جانب سربراہ لاہور پولیس نے حفیظ سینٹر میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث لاہور کے شہریوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آتش زدگی کے باعث فضا میں زہریلا دھواں پھیل گیا ہے، لہٰذا اپنے بچوں کو کمروں میں رکھیں جب کہ بزرگوں کا خیال رکھتے ہوئے انھیں بھی محفوظ جگہ پر رکھیں۔عمر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں، تمام انتظامیہ مل کر آتش زدگی پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے، کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈی سی لاہور کی طرف سے اسپتالوں میں انتظامات کر دیےگئے ہیں۔واضح رہے کہ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے، اور حفیظ سنٹر میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور ریسکیو 1122آگ پر قابو پانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں، پلازے میں پھنسے ہوئے
افراد کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے۔آئی جی پنجاب انعام غنی کی گلبرگ پلازے میں لگی آگ پر قابو اور ریسکیو ورک کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں، آئی جی نے ڈی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق خان اور ڈویژنل ایس پی کو موقع پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ٹیمیں ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر فائر فائٹنگ آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی ٹیموں اور شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، آگ پر جلد از جلد قابو پا کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک پولیس ٹیمیں موقع پر موجود رہیں۔