گوادر (نیوز ڈیسک) گوادر ائیرپورٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی، عالمی معیار کے ائیرپورٹ کی تعمیر پر 147 فیصد زائد اخراجات آئیں گے، کل 55 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی جانب سے پاکستان کے ساحلی شہر گوادر میں ملک کے ایک اور عالمی معیار کے ائیرپورٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ گوادر ائیرپورٹ کی لاگت میں 147 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ منصوبے پر کل 55 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کیلئے زیادہ تر فنڈز چین کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔
چین کی جانب سے منصوبے کی تعمیر کیلئے 34 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 2007 میں ابتدائی طور پر گوادر ائیرپورٹ 7 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بعد ازاں 2015 میں منصوبے کو 22 ارب روپے کی لاگت سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اب تحریک انصاف کی حکومت نے 147 فیصد زائد لاگت سے ائیرپورٹ کی تعمیر شروع کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے حوالے سے چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے رواں ماہ مئی میں بتایا تھا کہ گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکا ہے، تمام زیر التواء مسائل حل کر دیئے گئے ہیں۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر مشینری سے لدھے کنٹینروں کو کلئیر کردیا گیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کا بتانا ہے کہ گوادر ائیرپورٹ پاکستان کا جدید اور شاندار ترین ائیرپورٹ ہوگا۔ یہ منصوبے مختلف وجوہات کی بنا پر کئی برس سے مکمل نہیں ہو پایا۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے خصوصی دلچسپی لے کر منصوبے کی تعمیر کا جلد آغاز کروانے کی بھرپور کوششیں کیں اور پھر بالآخر ائیرپورٹ کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق چین گوادر ائیرپورٹ کے منصوبے کی بلاجواز تاخیر پر سخت نالاں تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لی۔ وزیر اعظم نے گزشت برس پہلی مرتبہ گوادر کے نئے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا تھا، جبکہ اس کا تعمیراتی کام اب شروع ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد گوادر ائیرپورٹ پاکستان کا سب سے جدید اور شاندار ترین ائیرپورٹ ہوگا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت نیا اسلام آباد ائیرپورٹ ملک کا سب سے بڑا اور عالمی معیار کے مطابق جدید ترین ائیرپورٹ قرار دیا جاتا ہے۔