چارسدہ (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے۔چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا، پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، انشاءاللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں، تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کوتباہی کے دھانے پرلاکھڑاکیا ہے، غریب کاجینا دو بھر ہوچکا ہے، لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پرمجبورہوگئے ہیں، اور دوسری جانب ہم خطے میں تنہائی کاشکار ہیں، ان حکمرانوں کی کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، ان کی حکمرانی کو مسترد کرتے ہیں، پس پشت قوتیں بھی اپنے مستقبل کے لیے ان کی پشت سے ہٹ جائیں، حکمرانوں کو لانے والے معافی مانگیں اوراداروں کومتنازعہ نہ بنایاجائے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ,ہم ترنوالہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، حکومت مخالف تحریک کااعلان ہوچکا ہے، پورے ملک میں جلسے ہوں گے،اور یہ احتجاج حکومت کے خاتمے پررکے گا، حکمران دسمبر نہیں دیکھ پائیں گے۔