لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی پوزیشن پہلے والی نہیں رہی۔روز ویلٹ کے معاملے میں زلفی بخاری کے بارے میں شکوک و شبہات ظاہر کیے گئے ہیں اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری دو ہفتوں سے غائب ہیں، ا ن کی حکومت میں اب وہ پوزیشن نہیں رہی ، فیصل واوڈا کی بھی پوزیشن وہی ہے ، بہت زیادہ ٹی وی شوز میں شرکت کرنے پر ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے ،کہا جاتاہے کہ وہ بہت زیادہ ٹی وی شوزمیں شرکت نہ کریں ، کابینہ میں جلد ردوبدل ہوگا،کچھ لوگ پیچھے چلے جائیں گے ۔
پروگرام مقابل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرے پاس تصدیق کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں لیکن فیصل واوڈا کے بارے میں کہا گیاہے کہ انہوں نے امریکی صدر کے داماد کشنر سے ملاقات کی ہے جس کا علم ہوگیا ہے چنانچہ اب وہ عمران خان کے زیادہ پسندیدہ کردار نہیں رہے ،ان پر دوہری شہریت اور باہر جائیدادیں رکھنے کا بھی الزام ہے ۔ ا نہوں نے کہا شہبازشریف شاداں و خوش ہیں، انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ اپنی جگہ پر کھڑے ہیں اور مفاہمت کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کا پورا حق ہے ،انہیں روکا نہیں جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ جلسے میں پولیس جتنے فاصلے پر رہے گی، اتناہی بہتر ہوگا، کوئی پسند کرے نہ کرے فضل الرحمان نے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔