پشاور (نیوز ڈیسک)آمدن سے زائد اثاہ جات کیس میں نیب خیبر پختونخوا نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے کی تیاریاں شروع کردیں ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نیب خیبر پختونخوا نے آمدن سے زائد اثاثے جات بنانے کے الزام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں، گرفتاری کیلئے چیئرمین نیب سے حتمی منظوری ابھی لینا باقی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ مال کے اہلکاروں کے ہمراہ مانسہرہ کا دورہ کیا اور تمام تر ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا۔
نیب پشاور کی جانب سے دستاویزی ثبوت اور دیگر ریکارڈ نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کیا جائے گا، جس کے بعد چیئرمین نیب سے گرفتاری کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے محکمہ مال سے مزید تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں، جبکہ مقامی لوگوں سے بھی بیانات ریکارڈ کرائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن )کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ، بغاوت کے مقدمے میں ن لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا ، ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے دو روز قبل عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے ، بعد ازاں کیپٹن ریٹارڈ صفدر اور مقدمے میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ۔