لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور سیالکوٹ موٹروے پر 26 سالہ لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے،پولیس نے غیرت کے نام پر قتل کے شبے پر مقتولہ کے والد اور بھائیوں کو گرفتار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے سے جوان لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کی اب شناخت کر لی گئی ہے۔لڑکی کی لاش بوری میں بند تھی جس کی شناخت جویریہ کے نام سے ہوئی،مقتولہ کی عمر 26 سال ہے۔26 سالہ جویریہ مظفر گڑھ کی رہائشی تھیں۔پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے،ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے قتل غیرت کے نام پر ہوا ۔مقتولہ کے والد اور بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔تاہم پولیس مختلف زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی کیس کے اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔واضح رہے کہ موٹر وے پر آئے روز ڈکیتی اور دوسرے جرائم کی وارداتیں پیش آنے کی اطلاعات آتی رہتی ہیں۔موٹروے پر خاتون کے ساتھ ڈکیتی اور زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔اس کے بعد لاہور اسلام آباد موٹروے پر ایک اور بھیانک واردات سامنے آئی تھی،بتایا گیا کہ لاہور اسلام آباد موٹروے پر ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر کئی مسافروں کو لوٹ لیا تھا ، مسافروں نے موٹر وے پولیس کو اطلاع دی جس پر کوئی رد عمل نہ آیا ۔جس کے بعد لاہور سیالکوٹ موٹروے پرسفرکرنے والوں کیلئے الگ ہیلپ لائن قائم کی گئی تھی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر کرنیوالے ہیلپ لائن 1124 پررابطہ کرسکتے ہیں ، مسافر حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں نئی ہیلپ لائن پررابطہ کرسکیں گے۔ اس سے قبل پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا ۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کی طرف سے مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گشت کرنے کا کا حکم دیا گیا اور اس سلسلے میں 250 پولیس اہلکارلاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پٹرولنگ اورسیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔