اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی حکومت گرانے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی مالی مدد اسرائیل اور بھارت کر رہا ہے ، ایک ملک جو ہمارا دوست ہواکرتا تھا اب خفا ہے وہ بھی اس میں شامل ہے ، ان خیالات کا اظہار تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کیا ۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے خلاف ایک سازش شروع ہوچکی ہے نہ صرف حکومت بلکہ کچھ حد تک اسٹیبلشمنٹ اور سی پیک کے خلاف بھی سازش ہوئی ، علاقائی محاذ پر مولانا فضل الرحمان کو ٹاسک دیا گیا ہے جو 30 سے 40 ہزار طالب علم نکال سکتے ہیں یہ ان کی اسٹریٹ پاور
ہے جس کو وہ استعمال کرنا چاہتے ہیں اسی لیے ان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بھی بنا دیا ، علاقائی محاذ وہ ہے جس میں مولانا فضل الرحمان اور دوسری جماعتیں شامل ہیں لیکن ایک بین الاقوامی محاذ بھی ہے جس سے ان کو سپورٹ مل رہی ہے، اس میں ہمارے روایتی دشمن بھارت ، اسرائیل ، امریکا تو ہیں لیکن ایک ایسا ملک جو ہمارا دوست ہواکرتا تھا اب خفا ہے وہ بھی اس میں شامل ہے ، ان کو فنڈنگ وہاں سے آئے گی۔تجزیہ کار ظفر ہلالی نے انکشاف کیا کہ ان ممالک کا مقصد یہ ہے کہ مظاہرے اور تحریک کے ذریعے ایک قومی حکومت وجود میں آئے ، اس گورنمنٹ کا بھی حصہ ہوگا اگلی حکومت میں، لیکن عمران خان صاحب کا نام و نشان نہیں ہوگا ، یہ ان کا کھیل ہے اب دیکھنا ہے کہ یہ جماعتیں اپنی لیڈرشپ کو سپورٹ کریں گی ، اور عوام کو بھی سوچنا پڑے گا کہ کیا وہ اس سازش میں ملوث ہونا چاہتے ہیں ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کا نام پی ڈی ایم سربراہ کے لیے تجویز کیاگیا جس کے بعد ان کی باقاعدہ تقرری کا اعلان بھی کردیا گیا ، جب کہ پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس پانچ اکتوبر کو طلب کیاگیا ہے ،سٹیرنگ کمیٹی پی ڈی ایم کے احتجاجی تحریک کے پروگرام کو حتمی شکل بھی دیگی ، جس کے بعد تمام جماعتیں جلسے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کریں گی۔