کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے پر 2 اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے، کورنگی اور ضلع شرقی میں کورونا سے متاثرہ مختلف مقامات میں 15 اکتوبرتک لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ، سماجی اور تدریسی سرگرمیاں بحال ہونے اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے باعث حکومت کے جاری کردہ ایس اوپیز کے باوجود کورونا پھیل رہا ہے، اور کورونا کیسز بھی بڑھنے لگے ہیں۔کراچی میں بھی کورونا وبا ء کا پھیلاؤ بڑھنے پر 2
اضلاع کورنگی اور ضلع شرقی میں متاثرہ مختلف مقامات میں 15اکتوبرتک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے حکم نامہ جاری کیا ہے کہ دونوں اضلاع کورنگی اور ضلع شرقی میں لاک ڈاؤن کا اطلاق آج سے ہوگا۔ کورنگی نمبر 2 الفلاح سوسائٹی ، شادمان ٹاور ملیر، درخشاں سوسائٹی ملیر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔قائد پارک ملیر سے متصل گلی بھی لاک ڈاؤن کے علاقے میں شامل ہے۔ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔مزید برآں شہر قائد میں پہلا نجی بینک کورونا کیسز آنے کے بعد سیل کر دیا گای، ضلع جنوبی میں نجی بینک کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر سیل کیا گیا، بینک میں پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔دریں اثناء روشنیوں کے شہر کہلانے والے کراچی کے مختلف اضلاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چار سکولز بند کردیئے گئے، بند کرائے گئے چاروں تعلیمی ادارے ضلع جنوبی میں واقع ہیں۔اُدھر ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 12تعلیمی اداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے، ضلع غربی میں ایک دکان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، شہر میں مجموعی طور پر سات شادی ہالز سیل کیے گئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 61 ریسٹورینٹس سیل کیے جا چکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 499 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین
اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 99 ہزار 605، سندھ میں ایک لاکھ 37 ہزار 467، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 845، بلوچستان میں 15 ہزار 302، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 808، اسلام آباد میں 16 ہزار 650 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 754 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 35 لاکھ 80 ہزار 173 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 697 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 98 ہزار 55 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 480 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔