اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کی کچھ روز قبل بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔احسن اقبال اور خواجہ آصف نے عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات کی۔یہ ملاقات کافی دیر تک جاری رہی ہیں اور آج میں مجبورا کہہ رہا ہوں کہ ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ملاقاتیوں میں احسن اقبال کو بھی شامل کریں۔ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال عسکری قیادت کیساتھ
دونوں ملاقاتوں میں شریک تھے، پہلی ملاقات 5 گھنٹے، دوسری 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ مریم نواز جس دن سچ بولیں گی اس دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔جب لیگی رہنما احسن اقبال نے شیخ رشید کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے دعوی کے مطابق آرمی چیف سے کوئی ون آن ون ملاقات نہیں کی- تمام پارلیمانی قائدین کی موجودگی میں گلگت بلتستان کے حوالے سے ون پوائینٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے وفد کیساتھ شرکت کی- انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء اپنی سیاست کے لئے قومی اداروں کو سیاسی تنازعہ میں دھکیل رہے ہیں-قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے جی ایچ کیو میں نہیں، نوازشریف کی صحت آپریشن کی متقاضی ہے ،اشتہاری کی درخواست پر منتخب وزیراعظم کو نااہل کیا گیا، یہ سوال ہم نے پہلے نہیں اٹھایا جو اٹھانا چاہیے تھا،شہبازشریف کو اگر علیحدہ ہونا ہوتا تو آج وہ وزیراعظم ہوتے، انہوںنے وزارت عظمیٰ پر بھائی کو ترجیح دی ،شہبازشریف بہت وفادار بھائی ہیں وہ کبھی علیحدہ نہیں ہوں گے۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی صحت آپریشن کی متقاضی ہے تاہم جب تک کورونا ہے تو ان کا آپریشن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا امیون سسٹم کمزور ہے اس لیے ان کا ادویات سے علاج جاری ہے۔