لاہور(نیوز ڈیسک)والٹن ائیرپورٹ پر طیارے کی کریش لینڈنگ میں خاتون پائلٹ کو قصور وار قرار دے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نجی کلب کے تربیتی طیارے اے پی بی ای او نے تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث والٹن ائیر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی ۔ جہاز کو خاتون پائلٹ اڑا رہی تھیں جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔ لینڈنگ کے دوران طیارے کا اگلا ٹائر ٹوٹ گیا ۔حادثے کے فوری بعد سول ایوی ایشن کی ریسکیو اور ائیر کرافٹ ایکسی ڈنٹ اینڈ انوسٹی بورڈ کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی جبکہ حادثے کے بعد تحقیقات کاحکم دیا گیا اور تمام فلائنگ کلبز کو تربیتی پروازوں سے روک دیا گیا ۔
بتایا گیا کہ تحقیقات تک تربیتی طیارے کو رن وے سے نہیں ہٹایا جائے گا اورجائے حادثہ کو مکمل سیل کر دیا گیا ۔اس واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں خاتون پائلٹ کو ہی قصوار قرار دیا گیا ہے۔سی اے اے نے خاتون پائلٹ کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون پائلٹ بھوکی تھی،شوگر لیول بھی کم تھا جب کہ پرواز کے وقت وہ موبائل فون استعمال کر رہی تھی۔واضح رہے کہ جہاز زیر تربیت پائلٹ پریسہ امتیاز اڑا رہی تھیں۔ ٹرینی پائلٹ پریسہ امتیاز حادثے میں محفوظ رہیں۔ائیر پورٹ حکام کے مطابق ٹرینی پائلٹ پریسہ امتیاز سولو فلائٹ پر تھیں۔