لاہور (نیوز ڈیسک) نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کر لیا ہے، عثمان بزدار کو 12 اگست دن 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عثمان بزدار کو اختیارات سے تجاوز کی شکایات پر طلب کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نیب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو 12 اگست کو طلب کرلیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے خلاف قانون شراب کا لائسنس جاری کیا۔وزیراعلیٰ کے قریبی عزیر کی سفارش پر شراب کا لائسنس نجی ہوٹل کو جاری کرنے کی شکایت موصول ہوئی تھی جس کے بعد عثمان بزدار کو طلب کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو اختیارات سے تجاوز کرنے کے کیس میں
پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔عثمان بزدار سے شراب کے لائسنس سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے آٹے اور چینی کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ آٹے اور چینی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، محکمہ خوراک آٹے اور چینی کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے، آٹے اور چینی کی دستیابی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کروں گا۔عثمان بزدار نے عبدالعلیم خان کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سینئر وزیر آٹے و چینی کے سٹاک، سپلائی اور نرخوں کا جائزہ لیں، اس ضمن میں ہفتہ وار رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے، صوبہ بھر میں سرکاری نرخ سے زیادہ چینی اور آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔