لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت نوازشریف کو بھول جائے وہ واپس نہیں آئیں گے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف اس وقت ہی واپس آئیں گے جب وہ پوری طرح سے صحتیاب ہو جائیں گے اور نوازشریف پوری طرح سے صحتیاب اس وقت ہی ہوں گے جب اس موجودہ حکومت کی صحت پوری طرح سے خراب ہوچکی ہوگی اس سے پہلے یہ لوگ ان کا انتظار ہی کرتے رہیں گے جو حربے انہوں نے استعمال کرنے ہیں کریں اور 100طرح کے حربے استعمال کریں وہ اس طرح سے نہیں آئیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے پچھلے دنوں بھی دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قائد نوازشریف ورزش بھی کرتے ہیں ہم نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ اپنی ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کریں، جس دن نواز شریف کی ورزش کر نے والی تصویر آگئی، اس دن جو کمی رہ گئی ہے وہ بھی دور ہوجائے گی۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء سر پر ہاتھ رکھ کر پیٹ رہے تھے، لیکن حلف نامے کے دو جملے پڑھ کر سرپکڑ کر بیٹھے ہیں یہ کبھی مجرم ، کبھی بھگوڑا کبھی بھاگ گیا، یہ کہہ کرتسلی دے رہے ہیں۔سابق وزیر نے کہا کہ نوازشریف کو جب بھیجا گیا تو حکومت کہنے لگی گارنٹی بانڈز دے کر جائیں لیکن نوازشریف نے دوٹوک کہا کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، بالکل بانڈز نہیں دوں گا، پھر عدالت نے بانڈز کی شرط بھی ختم کردی۔اب نوازشریف باہر ہیں،وہ اپنے علاج کے ساتھ ساتھ ان کا بھی علاج کررہے ہیں۔نوازشریف نے کافی پیتے تصویر بھیج دی، اب چہل قدمی کی تصویر آگئی ہے۔ اب چند روز حکومتی وزراء سرپیٹیں گے اور دیواروں میں ٹکریں ماریں گے کیونکہ نواز شریف ڈاکٹرز کی ہدایت پر روزانہ صبح ہلکی ورزش بھی کرتے ہیں ہم نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ اپنی ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کریں۔