کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ وہ اگلے ہفتے کراچی آرہے ہیں، سندھ میں آپ کے ساتھ بیٹھ کر پلان بناؤں گا، چاہتے ہیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیولنک کے ذریعے این سی سی اجلاس میں شرکت کی۔این سی اوسی اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، شفقت محمود ، حماد اظہر، حفیظ شیخ ، عبدالرزاق داؤد ، امام فخر، اور خسروبختیار نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی صوتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں کورونا کی صورتحال کم رہی۔ہمیں کورونا کے ساتھ رہنا اورسیکھنا ہوگا۔ بچوں بزرگوں کو کورونا سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔تعلیمی ادارے ایس اوپیز کے ساتھ کھو لنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پورا صوبہ بارش سے متاثر ہے۔ پاک آرمی، نیوی اوراین ڈی ایم اے سپورٹ کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے وہ اگلے ہفتے کراچی آرہے ہیں۔ سندھ میں آپ کے ساتھ بیٹھ کر پلان بناؤں گا۔واضح رہے سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے سیلاب متاثر ین کی مدد کے لئے فوج کا فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سنٹر کراچی میں قائم کر دیاگیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع وسطی گلبرگ،لیاقت آ باد اور نیو کراچی میں ضروری علاج معالجہ کے لئے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی اور حیدر آباد کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ نئی گاج ڈیم سے سیلاب کے متوقع خطرہ کے پیش نظر دادو میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔