اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معاون خصوصی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ میرے اور میرے خاندان کے خلاف ایک نامعلوم ویب سائٹ پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے، گمراہ کن خبر کی تردید کرتا ہوں ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میرے اور میرے خاندان کے خلاف ایک نامعلوم ویب سائیٹ پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے،ایک انتہائی گمراہ کن خبر چھاپی گئی ہے،اس خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافی احمد نورانی کی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ اور ان کے خاندان کے کاروبار کے بارے میں ایک مفصل تحقیقاتی رپورٹ ‘فیکٹ فوکس’ نامی ویب سائٹ پر شائع ہوئی تو بس پھر سوالات اور تنقید
کا ایک ایسا پنڈورا باکس کھل گیا جو کہ رات گئے تک بند ہونے نام ہی نہیں لے رہا تھا اور ٹوئٹر پر مسلسل ‘عاصم باجوہ’ اور ‘باجوہ لیکس’ ٹرینڈ کر رہا تھا۔صحافی احمد نورانی نے اپنے مضمون میں دعوی کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ کے ‘خاندان کی کاروباری سلطنت کا پھیلاؤ اور جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی فوج میں اہم عہدوں پر ترقی، دونوں چیزیں ساتھ ساتھ چلیں۔’اپنے مضمون میں احمد نورانی لکھتے ہیں کہ عاصم باجوہ کے بھائیوں، اہلیہ اور بچوں کی ‘ چار ممالک میں 99 کمپنیاں، 130 سے زیادہ فعال فرینچائز ریسٹورنٹس، اور 13 کمرشل جائیدادیں ہیں جن میں سے امریکہ میں دو شاپنگ مال بھی شامل ہیں۔’