لاہور(نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت میں ہوئی۔کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری لگا کر انہیں جانے کی اجازت دیدی گئی جب کہ سلیمان شہباز آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔عدالت نے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سلیمان شہباز کے
وارنٹ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی طلب کر لی۔عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔عدالت نے شہباز شریف کی دونوں بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی کو بھی طلب کر لیا۔اس کے علاوہ عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔عدالت نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔