کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ کراچی میں بارشوں کا 90 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹا ہے، جب 8 گھنٹے تک بارش ہوگی تو سڑکوں پر پانی ضرور رکے گا۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ کچھ آبادیوں اور سڑکوں پر پانی موجود ہے، یہ ممکن ہی نہیں کہ اتنی زیادہ بارش ہو اور سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ کراچی کو پلاننگ کے بغیر آباد کیا گیا اس لئے یہاں مسائل ہیں، سندھ حکومت نے جتنے انڈر پاس بنائے کسی ایک میں پانی جمع نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں 2001 کے قانون سے تباہی ہوئی ہے، اگر ایم کیو ایم سمجھتی ہے 2001 کا
قانون دوبارہ واپس آئے گا تو ایسا نہیں ہوسکتا۔راچی میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور متعدد شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر کراچی کور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کر رہی ہے۔پاکستان کےمعاشی حب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع آمدو رفت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مون سون کے چھٹے اور طوفانی اسپیل نے کراچی کو پھر دریا بنادیا ہے۔ لٹھ اور تھڈو ڈیم اوور فلو ہو گئے ہیں۔ناردرن بائی پاس اور ملیر ندی میں شدید سیلابی صورتحال ہے اور سہراب گوٹھ کے قریب لیاری ندی اوورفلو ہوگئی ہے۔کاز وے کی سڑک برساتی پانی بہاکر لے گیا اور وہاں لگے بجلی کے پول بھی سڑک پر گر گئے ہیں۔ کاز وے تاحال ٹریفک کیلئے بند ہے۔ گزشتہ دو روز سے کورنگی ندی کا پانی کاز وے سے گزر رہا تھا جس کے ساتھ سڑک بھی بہہ گئی ہے۔