کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے مدارس کو بطور تعلیمی ادارہ رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، مدارس کواب محکمہ تعلیم رجسٹرڈ کرے گا، پہلے اوقاف اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ رجسٹرڈ کرتے تھے،مدارس کا مفت تعلیم دینے میں اہم کردار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ڈی جی رینجرزسندھ، آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ ودیگر حکام شریک ہوئے۔آئی جی سندھ نے اجلاس کو نیشنل ایکشن پلان کے 16نکات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں مدارس کے حوالے سے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں مدارس کو بطور تعلیمی ادارہ رجسٹرڈ کیا جائے گا۔مدارس کواب محکمہ تعلیم رجسٹرڈ کرے گا۔ پہلے اوقاف اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ مختلف قوانین کے تحت مدارس کو رجسٹرڈ کرتے تھے۔ مدارس کا مفت تعلیم دینے میں اہم کردار ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صرف قانون بنانا کافی نہیں، اس پر مکمل عملدرآمد بھی کروانا ہوگا۔اسی طرح اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے کہا کہ کیسز کمزوربنائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر آزاد ہوجاتے ہیں،کرائمز کو روکنے کیلئے کیسز مضبوط بنائے جائیں۔ مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے قانون سازی پر کام جاری ہے۔نئے قانون کی تیاری کیلئے ہائیکورٹ سے مشاورت جاری ہے۔ ہائیکورٹ سندھ سے درخواست کی جائے گی کہ اسٹریٹ کرائمز کے کیسز کیلئے الگ جج مقرر کیا جائے۔ واضح رہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوشش ہے کہ ملک یکساں نظام تعلیم رائج ہو، اور اس حوالے سے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔