اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان میں دو نئی کمپنیوں کو ونٹیلیٹر بنانے کا لائسنس جاری ہو رہا ہے، پاکستان کے تمام ونٹیلیٹر یورپین اسٹنڈرز پر بنائے جا رہے ہیں اور انتہائی کامیاب ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ ان کیلئے جن کو لگتا ہے پاکستان انجینئرنگ میں بہت پیچھے ہے، جہاں ہندوستان کے بنائے وینٹیلیٹرز کو ہسپتالوں سے واپس منگوانا پڑا وہاں پاکستان میں دو نئی کمپنیوں کو ونٹیلیٹر بنانے کا لائسنس جاری ہو رہا ہے ،پاکستان کے تمام ونٹیلیٹر یورپین اسٹنڈرز پر بنائے جا رہے ہیں اور انتہائی کامیاب ہیں۔28 جون 2020 کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ “الحمداللہ آج پاکستان وینٹی
لیٹرز بنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا”۔انہوں نے کہا تھا کہ ہر ملک اس پیچیدہ مشین وینٹی لیٹر کو بنانے کی اہلیت نہیں رکھتا، پاکستان کے انجینئرز نے بہت کمال کا کام کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آج سے چند ماہ پہلے ہم نے اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا تھا، آج اس کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے اور ان شاء اللہ آیندہ ہفتے 8 سے 10 وینٹی لیٹر این ڈی ایم اے کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید وینٹی لیٹرز کے ڈیزائن پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جب 26 فروری کو کورونا کا پہلا کیس پاکستان میں سامنے آیا، اس وقت ہم خود تیار نہیں کر رہے تھے، آج ہم اپنے وینٹی لیٹرز استعمال کریں گے اور بیرون ملک بھی بھیج سکیں گے۔